اسلام آباد ( ربوہ ٹائمز آن لائن )پاکستان نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیاہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ معاملے پر اسلامی ممالک کو متحدہونا پڑے گا ۔مسلم امہ کے جذبات روندے جانے کا سلسلہ جاری رہا تو یورپ کے شہربھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر سب کا موقف ایک ہے ۔ ہم نے ایوان میں اس معاملے کو ر کھا اور ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے ۔ اقلیتی ارکان نے بھی گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر آواز اٹھائی ہے ۔ او آئی سی ممالک کوخطوط لکھے ہیں اور اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس ہنگامی بنیادوں پر بلانے کا مطالبہ کیاہے تاکہ اس معاملے پر تمام اسلامی ممالک کا موقف ایک ہو۔ اسلامی ممالک کو اس معاملے پر ایک ہونا پڑے گا ۔ ہم پاکستان کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ حکومت ان کے جذبات سے غافل نہیں ہے۔ ترکی کے وزیرخارجہ نے میر ے ساتھ فون پر گفتگومیں پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے اور کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں اس معاملے کو اٹھایا جائے گااور اس کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ہم نے اقوام متحدہ کے سیکر ٹری جنرل اور یورپی یونین سے رجوع کیاہے ۔ یور پ ماضی جیسا نہیں رہا ۔ آج یورپ میں لاکھوں مسلمان ہیں جو وہا ں بستے ہیں ۔ ان کے جذبات بھی ایسے ہی ہیں جیسے ہمارے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یورپ کو اس بات کا احساس ہونا چاہئے کہ اگر انہوں نے مسلم امہ کے جذبات کو اس طرح روندنا جاری رکھا تو ان کے اپنے شہربھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ آزادی اظہار رائے کی کچھ حدود ہوتی ہیں اور ان کو پامال نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یورپ میں ہولو کاسٹ پر بات کی جائے تو ایک طبقے کے جذبات متاثر ہوتے ہیں اوراس پر یورپ نے قانون سازی کررکھی ہے ۔ یہی معاملہ مسلم امہ کے جذبات کا بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں یہ معاملہ نیویارک میں وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اٹھاﺅں گا ۔شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے فون پر بات کرکے مسلمانوں کے جذبات ان تک پہنچائے ہیں ۔ ڈچ وزیر خارجہ نے اس معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کیاہے اور کہاہے کہ یہ حرکت ایک فرد واحد کی ہے ۔