کراچی (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) نواسۂ رسولﷺ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں آج شہر شہر علم و شبیہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، اس موقع پرسیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق:

ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں مجالس اور شبیہہ و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے، عزادار نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

نو محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

کراچی سمیت مختلف شہروں میں جلوس کے روٹ پرصبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔

اسلام آباد اور لاہور میں بھی جلوسوں کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، مرکزی جلوسوں کی ریکارڈنگ اورفضائی نگرانی بھی کی جائے گی ۔

کراچی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس 12 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، مجلس عزا نشترپارک میں ہوگی، جس میں علامہ شہنشاہ نقوی خطاب کریں گے، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان میں اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کی گزرگاہ کی جانب آنے والے تمام راستےسیل کردیے گئے، شہر بھر میں جلوسوں کی سیکیورٹی پر ساڑھے 17 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی۔

لاہورمیں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس اورمجالس کا سلسلہ جاری ہے، آج کے دن کی مناسبت سے لاہور میں 9محرم کا جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا ، جلوس نیلی بار، بابا گراؤنڈ، سیکرٹریٹ سے ہوکر خیمہ سادات پہنچے گا، جلوس کے شرکاء نماز ظہرین عالمگیر روڈ پر ادا کریں گے جبکہ جلوس کے شرکاء نماز مغربین پرانی انار کلی میں ادا کریں گے۔

ملتان میں 9 محرم کامرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہو گا، جلوس کی گزرگاہ کی تلاشی مکمل کرلی گئی ہے اور سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ جلوس کی گزرگاہ سے منسلک راستے کو سیل کردیا گیا ہے۔