لندن (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی خدمات کے اعتراف میں برطانیہ کی نیشنل پوٹریٹ گیلری نے پاکستان کی بیٹی کی تصویر آویزاں کردی۔

تفصیلات کے مطابق:

علم دشمنوں سے نبردآزما سوات کی گل مکئی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اُن کا پوٹریٹ لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں کردیا گیا۔

ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ:

’میری تصویر آنے والوں کو پیغام دے گی کہ اپنی برادری ، ملک میں تعلیم کے لیے جدوجہد کو جاری رکھیں تاکہ ہم بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال سکیں‘.

پاکستان کی بیٹی کا پوٹریٹ بنانے والی نشاط کا کہنا ہے کہ:

’مجھے معلوم ہے کہ ملالہ دنیا کی وہ واحد نوجوان لڑکی ہے جو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوشاں ہے‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’نوبل انعام یافتہ نوجوان لڑکی کی تصویر بنانا میرے لیے فخر کی بات ہے‘.

ایرانی نژاد امریکی خاتون نے ملالہ کی بنائی جانے والی تصویر میں پشتو نظم لکھی جس کاتاثر متاثر کن ہے۔

واضح رہے کہ:

2012 میں سوات کے علاقے مینگورہ میں ملالہ یوسف زئی پر اسکول سے گھر جاتے ہوئے طالبان نے حملہ کردیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہوئی تھیں، ابتدائی طورپر ملالہ کو پاکستان میں ہی طبی امداد دی گئی تاہم بعد میں انہیں برطانیہ کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

امن کا نوبل انعام حاصل کرنے کے علاوہ متعدد ایوارڈ حاصل کرنے والی 20 سالہ ملالہ اس وقت برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔

ملالہ یوسف زئی 3 سال تک دنیا کی بااثرترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہیں جبکہ ان کو کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی گئی۔