چنیوٹ (ربوہ ٹائمز)شجر کاری کرنا صدقہ جاریہ ہے ، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجر کاری بہترین نسخہ ہے، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو تیز کیا جائے ، غریبوں اورکچی بستیوں کے مکینوں کو تنگ نہ کیا جائے .
تفصیلات کے مطابق:
ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے گرین اینڈ کلین مہم کے سلسلہ میں منعقدہ میٹنگ میں مختلف محکموں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ:
اب تک ضلع بھر میں ایک لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں ہم سب مزید محنت کریں گے اور انشاء اللہ 5لاکھ پودے لگائیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے درخت لگا نے ہونگے ، ملک پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے تمام محکموں سمیت ہر شہری کو اپنے حصے کا پودا لگانا ہوگا،درختوں کی حفاظت اپنے بچوں کی طرح کریں.
انہوں نے مزید کہا کہ:
ایجوکیشن سمیت تمام ڈیپارٹمنٹس میں شجر کاری سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کیے جائیں، تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کو مزید تیز کریں ، سرکاری لینڈ کو واگزار کروانے کیلئے اپنا کام پوری ایمانداری سے کریں ،کام نہ کرنے والے افسران کو ضلع میں رہنے کا کوئی حق نہیں، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی.
میٹنگ میں اے ڈی سی جی اعتزاز اسلم مارتھ ، اسسٹنٹ کمشنرز خضر حیات بھٹی ، کاشف اعوان ،میڈم شمائلہ منظور،سی اوز میونسپل کمیٹیز و ضلع کونسل ، ایجوکیشن ، ہیلتھ ، لوکل گورنمنٹ ، ہائی وے ، بلڈنگ ،زراعت ، سول ڈیفنس ،ماحولیات،ڈی اوانڈسٹری،سول ڈیفنس ،پبلک ہیلتھ،سوشل ویلفیئر،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجزکے علاوہ دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ، میٹنگ میں تمام ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے ضلع چنیوٹ میں جاری کلین اینڈ گرین مہم میں لگائے گئے پودوں اور صفائی اور تجاوزات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی کو بریفنگ دی.
آخر میں ڈپٹی کمشنر نے تمام سی اوز میونسپل کمیٹیز کو سختی سے ہدایات کی کہ:
صفائی کی صورحال کو بہتر کریں ،شہریوں کی جانب سے صفائی کے حوالے سے بہت شکایات موصول ہو رہی ہیں ، صفائی کرنے والے یونیفارم میں ڈیوٹی کریں ،شہر کی دیواروں پر لگے پوسٹر اور وال چاکنگ کو صاف کروائیں اور تمام روڑزپر پانی کا مناسب چھڑکاؤ باقاعدگی سے کروائیں.