نیو یارک (ربوہ ٹائمز) نوبیل امن انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے امریکی کانگریس سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ:

پناہ گزینوں کا استقبال آنسو گیس سے نہ کیا جائے، ہمیں پناہ گزینوں کو بھی اپنی طرح انسان سمجھنا چاہیے.

ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ایوارڈ وصول کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ نے کہا کہ:

پناہ گزینوں کا استقبال آنسو گیس سے نہ کیا جائے، وہ اس رویے کے ہرگز حقدار نہیں ہیں.

ملالہ نے کہا کہ:

میں نے اپنی کہانی دنیا کو سنائی ہے۔ دنیا یہ یاد رکھے کہ ہم بھی ایک پرامن ملک میں رہتے تھے۔ طالبان سے پہلے سوات شورش زدہ علاقہ ہرگز نہیں تھا۔ وادی سوات کو اپنے قدرتی حسن کی وجہ سے سیاحتی مقام کی حیثیت سے بین الاقوامی شہرت حاصل تھی.

ملالہ نے بتایا کہ:

شام بھی پرامن تھا اور وہ تمام ممالک بھی جہاں آج جنگ کی وجہ سےدربدر ہونے والے لوگ ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ ممالک بھی امریکا، برطانیہ، فرانس یا جرمنی جیسے ہی پر امن تھے۔ ہم پناہ گزینوں کو ان کے حالات کا ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے۔ یہ ان کا قصور نہیں کہ آج وہ پناہ گزین ہیں.

ملالہ نے پناہ گزینوں کی مشکلات پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ:

ہمیں احساس کرنا ہوگا کہ اگر ہم ان حالات میں ہوں تو ہم دوسروں سے کیسے رویے کہ توقع رکھیں گے۔ امید ہے کہ کوئی ان حالات کو نہ پہنچے۔ ہمیں اپنے بھائیوں بہنوں کی طرح ان کا استقبال کرنا چاہیے۔ ہمیں انسان بن کر درد مندی سے سوچنا اور سمجھنا چاہیے.

خیال رہے کہ نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو ہارورڈ یونیورسٹی کی طرف سے لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کوششوں کو سراہتے ہوئے ایک تقریب میں 2018 کا گلیٹسمین ایوارڈ دیا گیا ہے۔