اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ویلنٹائن ڈے منانے سے متعلق ہائی کورٹ کی درخواست بے سود قرا دیتے ہوئے ویلنٹائن ڈے منانے کے خلاف حکم امتناع ختم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق:

اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل رکنی بنچ جسٹس محسن اختر کیانی نے ویلنٹائن ڈے منانے سے متعلق کیس کی سماعت کی ، درخواست گزار عبدالوحید ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوئے ۔

سماعت کے دوران وزارت اطلاعات، وفاقی حکومت، پیمرا اور پی ٹی اے کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے، ڈائریکٹر لیگل پیمرا زائد خان نے کہا ویلنٹائن ڈے کی تشہری مہم ٹی وی چینلز پر پیمرا نے بند کروایا ہوا ہے۔

جس کے بعد ہائی کورٹ نے ویلنٹائن ڈے منانے سے متعلق درخواست بے سود قرار دے دی اور ویلنٹائن ڈے منانے کے خلاف حکم امتناع خارج کردیاجبکہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو ویلنٹائن ڈے کی نشریات اور کوریج فوری روکنے کا عبوری حکم بھی ختم کردیا اور کیس نمٹا دیا۔

یاد رہے فروری 2017 میں سابق جسٹس شوکت عزیز نے ایک شہری کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ویلنٹائن ڈے عوامی مقامات پر منانے پر پابندی عائد کردی رتھی اور الیکٹرانک، پرنٹ میڈیا کو ویلنٹائن ڈے کی نشریات، کوریج فوری روکنے کا حکم دیا تھا۔

شہری نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ویلنٹائن ڈے اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی ہے اوراس کی تشہیری مہم جاری ہے لہذا اس کو روکا جائے۔

خیال رہے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ویلنٹائن ڈے کی تقریبات پرپابندی عائد کردی تھی جبکہ بازاروں میں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے کارڈز اور دیگر مواد کی خریدو فروخت روکنے کا حکم بھی دیا تھا۔