اسلام آباد (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر کی سوہن حلوہ بنانے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سیاحت کے شوقین اور پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کرانے میں پیش پیش رہنے والے جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی سوہن حلوہ بنانے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جرمنی سفیر نے لکھا کہ ’پہلے ہی میں افسردہ ہوں، جلد ہی ریٹائرمنٹ پر جارہا ہوں کیوں نہ متبادل پلان کی منصوبہ بندی کروں، کیوں نہ سوہن حلوہ بنانے میں مدد کروں‘۔
دنیا پور کے علاقے مخدوم عالی میں حلوے کی دکان سے حال ہی میں تصاویر لی گئیں، جرمن سفیر نے سوہن حلوہ بناتے ہوئے سیلفی بھی لی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جرمن سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچے تھے اور بے گھر افراد کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا تھا۔
مارٹن کوبلر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پناہ گاہ دیکھنے گیا، یہاں کے اسٹاف کا کام قابل تعریف ہے لیکن ایسے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر دکھ ہوا جو کھانا خرید نہیں سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مارٹن کوبلر نے بے گھر افراد کے ساتھ کھانا کھانے کی تصاویر شیئر کی تھیں۔