اسلام آباد (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا، وفاقی کابینہ نے متعدد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دے دی، شہریار آفریدی کو اینٹی نارکوٹکس وزارت کا اضافی چارج دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے اضافی حج کوٹے میں 40 فی صد نجی ٹور آپریٹرز کو دینے کی منظوری دے دی، اجلاس میں وزارتِ توانائی کو عید کی چھٹیوں میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے لیے جج مقرر کرنے، عتیق احمد کو وفاقی تعلیمی بورڈ کا سیکریٹری تعینات کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے معذور افراد کی بحالی اور اعانت کے لیے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی، اس سلسلے میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر اور ظفر مرزا کو آیندہ کابینہ اجلاس تک پالیسی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

بچوں کے حقوق کے لیے کمیشن کے قیام پر غور اگلے کابینہ اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر زرتاج گل پر اظہار ناراضی بھی کیا، کہا کہ زرتاج گل کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، وزرا اختیارات کا نا جائز استعمال نہ کریں، وزرا نوکری، تقرر اور تبادلے کے لیے کسی محکمے کو خط نہ لکھیں۔

وزیر اعظم نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ سفارش کلچر ہماری حکومت کا منشور نہیں، دریں اثنا، وفاقی وزیر زرتاج گل کو سرکاری معاملات میں احتیاط کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عزیز و اقارب کی بھرتی پر وزرا خلافِ ضابطہ کام نہ کریں۔

وزیر اعظم اقتصادی صورت حال میں بہتری کے حوالے سے پر اعتماد نظر آئے، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قوم چند ماہ میں اقتصادی حوالے سے بہتری دیکھے گی۔