نیویارک (ربوہ ٹائمز)پاکستان سمیت دنیا بھرکے متعدد ممالک میں عید الفطرمذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے اس موقع پر ملکی سلامتی اور استحکام کےلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

تفصیلات کےمطابق ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے جس میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اسلام آباد میں عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں سیاسی وسماجی شخصیات، اسلامی ممالک کے سفرا سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، اس موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ میں ہوا جہاں گورنرسندھ عمران اسماعیل سمیت دیگر سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔

عیدالفطر کے موقع پرشہرقائد کی بڑی مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکاروں نے بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیے، اہم عیدگاہوں پر نمازیوں کے لیے واک تھروگیٹ لگائے گئے تھے۔

عیدالفطر کے موقع پر شہر کے اہم عوامی مقامات، تفریحی گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر اور سندھ کے دیگرشہروں میں بھی عید کے موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نماز عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی مختلف چھوٹے بڑے اجتماعات کا سلسلہ جاری رہا۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام مرکزی عیدگاہ میں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع منعقد کیا گیا۔

عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ اور پشاور میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس، رینجرز اور ایف سی کے اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔