اسلام آباد(ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ‘نشان پاکستان’ سے نواز دیا۔
پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد آنے والے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی ایوان صدر پہنچے تو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اُن کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری، وفاقی وزراء اور دیگر سول و عسکری شخصیات بھی ایوان صدر میں موجود تھیں۔
صدر عارف علوی اور امیر قطر کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بھی ہوئی جس کے دوران دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران صدر عارف علوی نے مملکت قطر کے مہمان سربراہ کو ‘نشان پاکستان’ کے اعزاز سے نوازا۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے قطر روانگی سے قبل نور خان ایئر بیس پر پاکستان اور چین کے تعاون سے تیار کردہ لڑاکے طیارے ‘جے ایف 17 تھنڈر’ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہیں طیارے کی خصوصیات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے نور خان ائیر بیس پر مہمانوں کو الوداع کیا۔