اسلام آباد (ربوہ ٹائمزنیوز ڈیسک) قومی اسمبلی سے بجٹ پاس کرانے کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے کوئی پرواہ نہیں، ہمیں کارکردگی سے جواب دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری ہوا، اجلاس میں پرویز خٹک، شیریں مزاری، فیصل واوڈا، فواد چوہدری ، علی امین گنڈا پور،علی محمد خان سمیت دیگررہنما شریک تھے۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اتحادی جماعتوں کی جانب سے شیخ رشید،طارق بشیرچیمہ ، زبیدہ جلال ، سینیٹر عتیق شیخ سمیت دیگر اتحادی ارکان بھی موجود ہیں۔
اجلاس میں بجٹ منظوری سے متعلق لائحہ عمل پر غور کیا گیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی پر بھی بات چیت بھی کی گئی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، حماد اظہر اور چئیرمین ایف آر بھی اجلاس میں شریک ہوئے اور حکومتی معاشی ٹیم اجلاس میں بجٹ کےحوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا معاشی سمت کا تعین کردیا ہے، بحران سے نکل رہے ہیں، اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے آگاہی مہم چلائیں۔
عمران خان کا کہنا تھا اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے کوئی پرواہ نہیں، ہمیں کارکردگی سے جواب دینا ہے، اراکین عوام کو معاشی بحران کے ذمےداروں سے آگاہ کریں۔
بجٹ کے حوالے سے انھوں نے کہا بجٹ منظوری قانونی تقاضہ ہے، اراکین حاضری یقینی بنائیں، بائلی علاقوں اور بلوچستان کے لیے ترقیاتی فنڈ میں اضافہ کیا ہے، پاک فوج نےفاٹا اور بلوچستان کے لیے تنخواہوں میں اضافہ نہیں لیا۔
اراکین کوموبائل فون اجلاس میں لے جانےکی اجازت نہیں جبکہ خواتین کے ہینڈ بیگز بھی باہر رکھوا لیےگئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اہم قومی امورپر پارٹی اور اتحادی ارکان کواعتماد میں لیں گے، اجلاس میں بجٹ منظوری سے متعلق ارکان کو اعتماد میں لیا جائےگا۔
یاد رہے قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن کا اجلاس جاری ہے اور اپوزیشن ہٹ دھرمی پراترآئی ہے کہ بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے۔
گذشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں مطالبہ کیا تھا کہ عوام دشمن بجٹ اور نیا پاکستان واپس لیا جائے، حکومت کو جمہوری راستے پر چلنا ہوگا ورنہ گھر جانا ہوگا۔
دوسری جانب حکومت نے اسمبلی میں جارحانہ انداز اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سے بلیک میل نہیں ہوں گے، بجٹ منظور کرایا جائے گا۔