میکسیکو سٹی(ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) ٹرمپ کی تارکین وطن مخالف پالیسی کے سبب میکسیکو کے پناہ گزین باپ بیٹی موت کی وادی میں چلے گئے، جس کی تصویر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق اچھے مستقبل کے خواب سجائے غیرقانونی طور پر امریکا جانے والا خاندان دریامیں ڈوب گیا، 24 سالہ باپ اور کم سن بیٹی کی ایک دوسرے سے لپٹی لاش کی تصویرنے سب کے دل دہلا دئیے۔
میکسیکو کے دریا کے ساحل پر پناہ گزین باپ بیٹی کی لاش ملی، دو سالہ کم سن بیٹی اپنے باپ کی ٹی شرٹ کے اندر منہ چھپائے پیٹھ پر سوار تھی اور باپ کے گلے میں اپنے ہاتھوں کا ہالہ بنائے ہوئے تھی۔
باپ نے بیٹی کو بچانے کے لیے اپنی ٹی شرٹ کے اندر چھپا لیا تھا تاکہ بیٹی پانی کے تھپیڑوں سے محفوظ رہے اور بیٹی بھی اپنی آخری سانسوں تک باپ کی پیٹھ پر سوار رہی اور اسی حالت میں دونوں کے دریا میں بہہ جانے سے موت واقع ہوگئی۔
خوش قسمتی سے بچی کی 21 سالہ ماں کو دریا میں ایک اونچی چٹان میسر آگئی جس پر اس نے پناہ لے کر اپنی جان بچائی تاہم باپ بیٹی زندگی کی بازی ہار گئے اسی دریا سے دو مزید کم سن بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی سخت پالیسیوں کے باعث میکسیکو سے امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے اپنا مستقبل سنوارنے کے متلاشی تارکین وطن محافظوں کے ہاتھوں گرفتار ہوجاتے ہیں یا پھر سمندر کی بے رحم لہروں کی نذر ہوجاتے ہیں اور ایسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔