نیویارک(ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ واشنگٹن پہنچ گئے، شاہ محمود قریشی وزیراعظم پاکستان کے دورہ امریکا کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

پاکستانی سفارت خانہ دورے کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو وزیراعظم عمران خان کے دورے کے انتظامات پر بریفنگ دے گا۔ وزیرخارجہ آج پاکستانی سفارت خانے میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان امریکی صدر کی دعوت پر امریکا کا 21 سے 23 جولائی تک کا تین روزہ دورہ کریں گے، دورے سے باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔
وزیراعظم پاکستان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم اور ٹرمپ کی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور افغان امن عمل پر بات چیت ہوگی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان امریکی کانگریس کے ارکان، کارپوریٹ سربراہان اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم مختلف تقریبات میں شرکاء کو نیا پاکستان وژن سے متعلق آگاہ کریں گے اور امریکا کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کی اہمیت بھی بتائیں گے۔