اسلام آباد(ربوہ ٹائمز) وزیر اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں حائل رکاوٹیں جلد سے جلد دور کی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کردی، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ستمبر تک منصوبہ مکمل کرنے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ہدایت گورنر پنجاب سے کل ہونے والی ملاقات میں دی۔ ملاقات میں پنجاب حکومت کو حاصل کی گئی زمین کی قیمت کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں گورنر نے وزیر اعظم سے 30 فیصد مقامی افراد کی ادائیگی نہ ہونے کی شکایت کی تھی۔

وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ منصوبے میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ انہوں نے گورنر پنجاب کی سربراہی میں مذہبی کمیٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم کو 31 اگست کو گورنر ہاؤس میں ہونے والی سکھ کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔

خیال رہے کہ کہ نارووال میں کرتار پور راہداری منصوبہ پر کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے، نومبر میں بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن تک تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے گوردوارہ سے بھارتی سرحد تک روڈ کی تعمیر 90 فیصد تک مکمل کرلی گئی ہے اور دریائے راوی پر بننے والا پل مکمل کر لیا ہے۔ کرتار پور گردوارہ دربار صاحب تک جانے والی سڑکوں پر کنکریٹ ڈال کر رولر چلایا جا رہا ہے، سڑک پر کنکریٹ ڈالنا بھی آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔

گوردوارہ صاحب کمپلیکس پر بلڈنگ کا تعمیراتی کام بھی 60 فیصد تک مکمل ہے جبکہ رواں سال نومبر میں کرتار پور راہداری منصوبے پر کام تقریبات تک مکمل کر لیا جائے گا۔