اسلام آباد (ربوہ ٹائمزنیوز ڈیسک) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سبز پاسپورٹ کی عزت کے لیے وزیراعظم کا دورہ امریکا انتہائی مفید ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ ادوار میں پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑا گیا، وزیراعظم عمران خان پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کو دکھانے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا کل امریکا میں جلسہ تاریخ رقم کرے گا، عمران خان 20 ہزار گنجائش والے اسٹیڈیم میں خطاب کریں گے، امریکا کی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم پاکستان بڑا جلسہ کریں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج راجکماری کو ٹویٹ میں آزادی صحافت یاد آگئی ہے، کسی ذاتی معاملے کو صحافت کے ساتھ نہ جوڑا جائے، حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، میڈیا نے استحکام پاکستان سے تعمیر پاکستان کے سفر میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ناتی، نواسیاں، نواسے، بھائی سرکاری خرچ پر یو این جنرل اجلاس میں جاتے رہے ہیں، اس سے قبل 777 بوئنگ طیاروں میں صحافیوں کو کوریج کے لیے لے جایا جاتا تھا، قوم کے ٹیکس کا پیسہ ذاتی تشہیر پر لگایا جاتا تھا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے کمرشل پرواز میں سفر کرکے کفایت شعاری کا مظاہرہ کیا، ماضی میں صرف شخصیت کی تشہیر ہوتی تھی ملکی مفاد کی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قبائلی عوام کا درد و احساس رکھتے ہیں، جہاں بارود کی بو آتی تھی وہاں ووٹ کی طاقت کی خوشبو سے علاقہ معطر ہوا، جمہوری عمل ہونے سے تعمیر پاکستان کے سفر کا آغاز ہوگیا۔
ڈی آئی خان واقعے کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان حملے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید ہوئے ہیں، حملے میں 24 افراد زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلہ ہارنے والے نہیں ہیں۔