اسلام آباد (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ملک بھر میں ائیرپورٹس پر مسافروں کے سامان کی پلاسٹک ریپنگ لازمی قرار دے دی۔

سی اے اے کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ائیر پورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کا ٹھیکا ائیرمارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کی کمپنی ائیرکائرو کو دیا گیا ہے جو فی بیگ 50 روپے وصول کرے گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فیصلے کو سوشل میڈیا سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کو سامان کی پلاسٹک ریپنگ پر مجبور کرنا غیر قانونی ہے اور دنیا میں شاید کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا۔

صارفین کے مطابق یہ فیصلہ مسافروں پر چھوڑ دینا چاہیے کہ وہ اپنے سامان کی پلاسٹک ریپنگ کرانا چاہتے ہیں یا نہیں؟

ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت نے اسلام آباد میں پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی لگائی ہے اور اب ائیرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کو فروغ دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ائیرمارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کے مطابق ان کی کمپنی ائیر کائرو کے پاس صرف لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ٹھیکا ہے اور یہ کمپنی بھی ان کے بھائی کے انتقال کے بعد ان کے پاس آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام ائیرپورٹس کے لیے نوٹیفکیشن ان کی کمپنی کے نام جاری کرنا زیادتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاسٹج بیگز کے استعمال پر پابندی کی منظوری دی تھی، جس کا اطلاق 14 اگست 2019 سے ہوگا۔