نیویارک (ربوہ ٹائمز) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ اقتصادی اور سماجی کونسل کی نائب صدرمنتخب ہونا پاکستان پرعالمی برادری کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کی نائب صدر منتخب ہوگئیں، اقتصادی اورسماجی کونسل اقوام متحدہ کے اہم ذیلی اداروں میں سے ہے۔
پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی متفقہ طور پر ایشیا پیسیفک خطے سے منتخب ہوئیں، اجلاس میں 53 ممالک نے ڈاکٹرملیحہ لودھی کی متفقہ تائید کی۔
پاکستان کی مستقل مندوب کا کہنا ہے کہ نائب صدرمنتخب ہونا پاکستان پر عالمی برادری کے اعتماد کا ثبوت ہے، اقتصادی وسماجی پالیسی سازی میں پاکستان کے اہم کردار کی تائید ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ ترقی پذیرممالک کے مفادات کے فروغ کے لیے کام کروں گی، اقوام متحدہ کو مزید فعال بنانے کے لیے بھی کوششیں کروں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں پاکستان اقوام متحدہ کی 54 رکنی اقتصادی وسماجی کونسل کا رکن منتخب ہوا تھا۔ کونسل کو رابطہ پالیسی کے جائزے، اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی مسائل پر سفارشات تیار کرنے اور تمام پائیدار ترقیاتی اہداف پر عمل درآمد کا اختیار حاصل ہے۔