چنیوٹ (ربوہ ٹائمز) ڈپٹی کمشنرسید امان انور قدوائی نے کہا ہے کہ فضائی آلودگی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے درخت لگانے ہونگے ،پودے لگانا کافی نہیں بلکہ انکی دیکھ بھال کرنا بھی ضروری ہے، مون سون شجر کاری مہم میں سول سوساءٹی بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور پودے لگانے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ، یہ بات انہوں نے مون سون شجر کاری مہم 2019کے سلسلہ میں منعقدہ میٹنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کی ، میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق خان نیازی ، اسسٹنٹ کمشنرز خضر حیات بھٹی ، عدنان رشید ، احسان اللہ ضیاء ، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر وقاص شاہ کے علاوہ تمام محکمہ جات کے سربراہان ، صدر فرنیچر ایسوسی ایشن دانش نعیم فخری ، چناب کالج چنیوٹ کے نمائندگان و دیگرنے شرکت کی، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر وقاص شاہ مون سون موسم میں شجرکاری کے حوالے سے میٹنگ کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یکم اگست کو مون سون موسم شجرکاری کا باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے جس کے پہلے مرحلے میں پلانٹ فار پاکستان ڈے اور آٹھ اور نو اگست کو پلانٹ فار پنجاب ویک منایا جائے گا جس کے تحت محکمہ جنگلات چک بہادر جنگل لالیاں اور بیلا منگینی بھوانہ میں ماس پلانٹنگ کرے گا جس میں ہزاروں پودے لگائے جائیں گے ، مزید یہ کہ مزکورہ دنوں میں جنگلات کی نرسریوں سے ہزاروں پودے تمام سرکاری محکموں اور سول سوساءٹی کو مفت فراہم کیے جائیں گے ،تمام سرکاری محکمہ جات کو مون سون شجرکاری مہم کے سلسلے میں ٹارگٹ فراہم کر دیے گئے ہیں اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنے ٹارگٹ سے بڑھ کر پودے لگائیں ، اس موقع پر صدر فرنیچر ایسوسی ایشن دانش نعیم فخری نے ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی کو یقین دلایا کہ ہم اس عظیم مشن میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اورضلع چنیوٹ میں شیشم و دیگر پودا جات محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر لگائیں گے اور انکی دیکھ بھال میں بھی انکے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ، آخر میں ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات چنیوٹ کارول شجر کاری میں ہمیشہ پازیٹیو رہا ہے ، رواں سال ضلع بھر کے تعلیمی اداروں ، ہیلتھ سنٹرز و دیگر اداروں میں ہزاروں پودے لگائے ہیں ،مون سون سیزن میں بھی اپنے ٹارگٹ کے مطابق پودے لگائیں ، ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے مزید کہا کہ صحت مند معاشرہ کی تشکیل کیلئے ہر فرد کو شجر کاری کرنا ہو گی ، اس سے ملک و قوم مستفید ہونے کے ساتھ ملکی معیشت بھی ترقی کریگی ،صرف پودے لگانا ضروری نہیں انکی حفاظت بھی اتنی ہی ضروری ہے، چند سالوں میں یہی پودے قد آور درخت بنیں گے جو ماحول کو خوشگوار بنائیں گے اسی طرح اگر شہری بھی اپنے اپنے حصے کا ایک ایک پودا بھی لگائیں تو لاکھوں درخت پیدا ہونگے جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہو گی اور درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی ۔
فضائی آلودگی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے درخت لگانے ہونگے، ڈپٹی کمشنر چنیوٹ
Related Post