اسلام آباد (ربوہ ٹائمزنیوز ڈیسک) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا صاحب جمہوریت پر خودکش حملے کے بجائے حجرے کا رخ کریں، کرسی کی بےتابی میں جمہوریت سےنہ کھیلیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے خطاب پر اپنے ردعمل میں کیا، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان صاحب جمہوریت پر خودکش حملےکے بجائے اپنے حجرے کارخ کریں۔

فساد اور انتشار کے بجائے تبلیغ برائے اصلاح کا فریضہ سرانجام دیں، مولانا صاحب کا بس ایک ہی مطالبہ ہے کہ سانوں وی کھڈاؤ نہیں تے کھیڈ مکاؤ۔

ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا صاحب کرسی کی بےتابی میں جمہوریت سے نہ کھیلیں، الیکشن2018میں شکست اور سیاسی محرومی کا بدلہ جمہوری نظام سے نہ لیں۔

مولاناصاحب آپ ان اسباب پر غور کریں جن کی وجہ سے الیکشن میں شکست ہوئی، معاون خصوصی نے کہا کہ اکتوبرمیں اسلام آباد رخ کرنے کی دھمکیاں دینے والے اکتوبر99میں کہاں تھے؟

انہوں نے کہا کہ آپ الیکشن کیلئے بےتاب ہیں کیونکہ88کے بعد پہلی بارایوان میں نہیں پہنچے، پچ پر لگا تار کھیلنے والوں کو اب سرکاری وسائل کے بغیر رہنے کی عادت ڈالنا ہوگی۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں ہونے والے جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ آج کا ملین مارچ آخری ہے اب ہمارا اگلا پڑاؤ اسلام آباد میں ہوگا، اگست کے مہینہ میں جعلی حکومت مستعفی ہو جائے وگرنہ اکتوبر میں انشاءاللہ اسلام آباد کا رخ کریں گے اور اس حکومت کا خاتمہ کردیں گے۔