ڈی جی خان (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) بارڈر ملٹری فورس کے ذرایع کا کہنا ہے کہ راکھی گاج سے مبینہ بھارتی جاسوس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بارڈر ملٹری فورس نے ڈیرہ غازی خان میں راکھی گاج سے ایک بھارتی جاسوس گرفتار کر لیا ہے۔

ذرایع بارڈر ملٹری فورس کا کہنا ہے کہ گرفتار بھارتی شہری کی شناخت راجو لکشمن کے نام سے کی گئی، گرفتار بھارتی شہری کو تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ تین سال قبل 3 مارچ 2016 کو پاکستان کے حساس اداروں نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے جاسوس اور ریکارڈز کے مطابق بھارتی نیوی کے حاضرسروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔

رواں ماہ 17 جولائی کو عالمی عدالتِ انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی، ججز کے پینل نے پاکستان کے مؤقف کو درست قرار دیا اور سزا ختم کرنے کی استدعا بھی مسترد کی۔

پاکستانی فورسز نے ایک اور بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو بھی گرفتار کیا تھا، تاہم سزا پوری ہونے پر اسے 17 دسمبر 2018 کو رہا کر دیا گیا تھا۔

بھارتی جاسوس نے رہا ہونے کے بعد اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے غلط قدم اٹھایا جس کی قیمت مجھے ہی ادا کرنا پڑی، اس حوالے سے کسی کو قصور وار نہیں کہہ سکتا، میں غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کرنے کی کوشش کررہا تھا اسی دوران بارڈر پر تعینات پاکستانی محافظوں نے مجھے گرفتار کیا۔