لاہور(ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے میں موت کے سوداگروں کے خلاف سخت ترین آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ منشیات کی روک تھام کے لیے خصوصی میٹنگ کی۔
میٹنگ میں انسداد منشیات کے ادارے اے این ایف پنجاب کے سربراہ اور آئی جی پنجاب محمد عارف بھی موجود تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن میں منشیات فروشوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کی جائے گی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اے این ایف اور پنجاب پولیس جلد مشترکہ آپریشن شروع کرے گی۔
آپریشن کے دوران اسکولوں اور کالجز پر خاص توجہ دی جائے گی جہاں منشیات سپلائی کو کنٹرول کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نشے کےعادی افراد کو بحالی سینٹر میں داخل کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں منشیات کا کاروبار، تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال اور اس کی بین الاقوامی اسمگلنگ میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، آئے دن لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی کے ایئر پورٹس پر منشیات پکڑی جاتی ہیں لیکن ان واقعات میں کمی نہیں آئی۔
16 جولائی کو خیبر پختون خوا پولیس نے پشاور میں منشیات کا عالمی نیٹ ورک پکڑا تھا جو افغانستان سے پاکستان میں آئس منشیات کا دھندا کرتا تھا۔