نیویارک (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کوایک بار پھر دورہ سعودی عرب کی دعوت دے دی جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کو سیاسی اور معاشی تعاون فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا ، سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان سےرابطہ کل شام ہوا، گفتگو میں وزیراعظم عمران خان بندر بن عبد العزیز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کو سیاسی اور معاشی تعاون فراہم کرنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کیا اور کہا سعودی عرب سے بہترین تعلقات پاکستان کی اولین ترجیح ہیں، سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتباردوست ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان پاٹنر شپ کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان اور سعودی ولی عہد نے باہمی مفاد پر مشاورتی عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کو ایک بار پھر دورہ سعودی عرب کی دعوت دیتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سےواپسی پرتشریف لائیں۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد سے رابطہ کیا تھا، دونوں رہنماؤں میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان یو اے ای کے ساتھ مستحکم تعلقات کو اہمیت دیتاہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے 700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان کا شکریہ ادا کیا اور ایف اے ٹی ایف میں حمایت پربھی یواے ای کا شکریہ ادا کیا اور تعاون جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔