فیصل آباد (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرایع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں اثاثوں کی تفصیل نہ دینے والے ایک لاکھ 65 ہزار افراد اور اداروں کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایف بی آر نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد اور اداروں کو اثاثوں کی تفصیل نہ دینے پر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ ریجنل ٹیکس آفس نے تمام افراد کو ایک ماہ کی مہلت دے دی ہے، اور 19 ستمبر تک گوشواروں کی تفصیل طلب کی ہے۔

ذرایع ایف بی آر نے کہا کہ 4 اداروں کے ساتھ مل کر خصوصی تحقیقات کے بعد ان لوگوں اور اداروں کا سراغ لگایا گیا ہے۔

نوٹس میں 2 کنال سے زاید رقبے کے گھر، ایک ہزار سی سی گاڑی مالکان شامل ہیں، کروڑوں کی ٹرانزیکشن والے بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کو بھی نوٹس بھیجے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف بی آر نے اہم فیصلہ کرلیا

راڈار پر آنے والے بڑے گھر، گاڑی، بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کی تعداد 2 ہزار ہے، کمرشل، انڈسٹریل بجلی میٹر والے ایک لاکھ 63 ہزار مشکوک افراد اور اداروں کو نوٹس دیے گئے۔

ٹیکس دہندگان نے غلط گوشوارے دے کر غیر قانونی جائیداد چھپائی، ذرایع کے مطابق ایک ہزار سی سی گاڑیوں کی دوسرے شہروں سے رجسٹریشن کرانے کا بھی انکشاف ہوا، 2 کنال سے زاید رقبے کے گھر وراثتی یا جہیز کی مد میں ظاہر کیے گئے۔

ایف بی آر کے مطابق گوشواروں کے بر عکس اکاؤنٹس سے کروڑوں کی ٹرانزیکشن پائی گئی ہے، 19 ستمبر کے بعد غیر قانونی جائیداد مالکان کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔