اسلام آباد(ربوہ ٹائمز) نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر زلزلے کے باعث 19 ہلاکتیں، 300 زخمی اور تین بڑے پل متاثر ہوئے، جاتلاں کے علاقے میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اےلیفٹیننٹ جنرل محمدافضل نے زلزلےپربریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں بھی تباہی ہوئی البتہ سب سے زیادہ متاثر جاتلاں کا علاقہ ہوا۔ اُن کا کہنا تھا کہ زلزلے میں 19 افرادکےجاں بحق ہونےکی تصدیق کرسکتاہوں جبکہ اب تک 300 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، گھروں اور دیگر انفراسٹریکچر سے متعلق جلد آگاہ کیا جائے گا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ زلزلے کے باعث تین بڑے پل متاثر ہوئے، البتہ منگلاڈیم یا بجلی گھرکوکسی قسم کانقصان نہیں پہنچا، ڈیم پرکچھ دیر کے لیے آپریشن کو روکا تھا، پانی گدلا ہونے کی وجہ سے ٹربائن کو روک دیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ منگلاڈیم سے50ہزارکیوسک سےکم پانی چھوڑاجارہاہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ کل پورےعلاقےکاجائزہ لےکرتفصیلات پیش کی جائیں گی جبکہ ریسکیوادارے،پاک فوج کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، این ڈی ایم اے کی جانب سے 200 ٹینٹ، کچن سیٹس اور دیگر امدادی سامان روانہ کیا جارہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح اور کوشش ہوگی کہ امدادی سامان متاثرہ لوگوں کو جلد از جلد تقسیم کردیا جائے، پی ڈی ایم اےپنجاب نےبھی امدادی کارروائیوں میں تعاون کیا جبکہ پاک فوج کی سرچ اورریسکیوٹیمیں متاثرہ علاقوں مین پہنچ چکی ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا مزید کہنا تھا کہ سب سے پہلے توجہ ریسکیو پر ہے ، آئندہ ایک ہفتے کے دوران بحالی کا کام بھی شروع کردیا جائے گا۔