چنیوٹ (ربوہ ٹائمز) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی جدید و معیاری طبی سہولیات میں وسعت کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے تاکہ مریضوں کو علاج کی فراہمی میں تعطل نہ آئے ۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں 7 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی نصب کی گئی سٹی سکین مشین کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔

ڈپٹی کمشنر چنیوٹ سید امان انور قدوائی ،سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) غزالہ کنول،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انجم اقبال ، دیگر ڈاکٹرزاور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے اسی مقصد کے پیش نظر ہسپتالوں میں درکار مشینری کا ترجیحی بنیادوں پر بندوبست کیا جارہا ہے تاکہ ہسپتالوں سے رجوع کرنے والا کوئی مریض علاج کے بغیر نہ رہے ۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سٹی سکین مشین کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور ایمرجنسی مریضوں کے لئے اس سہولت کو بلامعاوضہ بنایا جائے ۔ انہوں نے ہسپتال میں مریضوں و لواحقین سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ ہسپتال کو سٹی سکین مشین فراہم کی گئی ہے جبکہ دیگر شعبوں میں بھی درکار مشینری کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سٹی سکین مشین ہسپتال کی بنیادی ضرورت ہے جس کی بدولت مریضوں کو سہولت حاصل ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی ہدایات پر ہسپتال کی مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور شعبہ صحت میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جارہی ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ سٹی سکین مشین کے لئے نجی کمپنی نے خدمات پیش کی ہیں جبکہ ہسپتال کے متعلقہ سٹاف کو بھی آپریشنل کرنے کے طریقوں سے ساتھ ساتھ آگاہی دی جائے گی ۔