اسلام آباد (ربوہ ٹائمز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ذاتی مقاصد کیلئے مذہبی کارڈ استعمال کرنا درست نہیں، ایسا کوئی مذہبی معاملہ نہیں ہوا جس پر احتجاج کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ذاتی مقاصد کیلئے مذہبی کارڈ کا استعمال کرنا کسی طور بھی درست نہیں۔

سیاسی مقاصد کیلئے دین کو استعمال کرنے سے دین کو نقصان ہوتا ہے، سیاسی مقاصد کیلئے سیاسی تحریک اور سیاسی موومنٹ ہونی چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دین اسلام کو کوئی مسئلہ نہیں اور نہ ہی کوئی نقصان پہنچ رہاہے اور نہ ہی ملک میں کوئی ایسا کوئی مذہبی معاملہ نہیں ہوا جس پر احتجاج کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی ملکی سیاست میں اپنی انفرادی حیثیت ہے اور انفرادی ہی چلے گی اور اگر کسی کے ساتھ چلنا بھی ہے تو پارٹی تشخص متاثر نہیں ہونا چاہیے۔