فیصل آباد (ربوہ ٹائمز) پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ہوائی فائرنگ کرکے پولیس کو گرفتاری کا چیلنج کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ہوائی فائرنگ کرکے ویڈیو وائرل کرنے والے ملزم بلاول کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے پولیس کو چیلنج کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی ویڈیو بنائی تھی، ملزم کے خلاف تھانہ رضاآباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد کے علاقے رضا آباد کے رہائشی بلاول نے چند روز قبل جدید اسلحے کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی تھیں۔

ویڈیو میں ملزم بلاول نے بڑھکیں لگاتے ہوئے پولیس کو چیلنج کیا تھا کہ پولیس اگر اسے پکڑ سکتی ہے تو پکڑ کر دکھائے، ملزم بلاول نے کمرے میں بیٹھ پر پستول سے پانچ فائر کیے تھے۔

میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد تھانہ رضاآباد پولیس نے ملزم بلاول کو گرفتار کرکے بغیر لائسنس پستول برآمد کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم کے خلاف اے ایس آئی عاطف منیر کی مدعیت میں پنجاب آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل میں ملزم عدنان پاشا نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کرتے ہوئے شہر میں کھلے عام اسلحہ کی نماش اور فائرنگ کی تھی۔

پولیس نے ملزم عدنان پاشا کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا تھا۔