بیجنگ (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) Religion for peaceنامی ادارہ 1970ء میں جرمنی کے شہر Lindauمیں قائم ہوا تھا۔ دنیا میں موجود تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ اس ادارے کے ممبر ہیں۔ 125؍ممالک میں ان کے دفاتر قائم ہیں۔ ادارے کے قیام کا مقصد دنیا کو باور کروانا ہے کہ امن کا فروغ مذہب کے بغیر ممکن نہیں۔ مذہب کی تعلیم پر عمل کر کے جنگوں سے بچا جاسکتا ہے۔ یہ ادارہ گاہے بگاہے مختلف ممالک میں کانفرنسز منعقد کرتا ہے۔ جس میں تمام مذاہب کے لوگ اکٹھے ہو کر ایک ہی پلیٹ فارم سے امن کے لیے اپنی آواز بلند کرتے ہیں۔ حال ہی میں اس ادارے نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 11 تا 13؍دسمبر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں 17؍ممالک سے نمائندگی ہوئی۔ اس کانفرنس میں بیلجیم کے مشنری انچارج جناب احسان سکندر جو بیلجیم میں Religion for peace کے کنوینیر ہیں نے بھی اسلام کی نمائندگی میں شرکت کی۔ دس دسمبر کی شام کو چین کی حکومت اور چائنا کمیٹی برائے مذاہب و امن نے مل کر تمام مہمانوں، یونیورسٹی کے پروفیسر صاحبان، میڈیا کے نمائندگان اور چین کی اہم شخصیات کے لیے شاندار ضیافت کا اہتمام کیا تھا جس میں چین کے نائب صدر مہمان خصوصی تھے۔

کانفرنس کے تین روز مختلف مذاہب کی نمائندگی میں انٹرنیشنل مقررین نے تقاریر کیں۔ جن کے موضوعات کا تعلق سماجی اور ثقافتی اقدار، مذہبی ہم آہنگی اور مذہبی اقدار Civilizationسے تھا۔