نیو یارک (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد ٹوئٹر نے بھی ٹک ٹاک کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔بی بی سی کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ نے ٹک ٹاک کے امریکہ میں آپریشنز کی خریداری کیلئے اس کی پیرنٹ کمپنی بائٹ ڈانس سے رابطہ کیا ہے۔ اس سے قبل مائیکرو سافٹ کے بھی ٹک ٹاک امریکہ کی خریداری کے حوالے سے معاملات چل رہے ہیں۔مائیکروسافٹ کی ویلیو 1300 ارب ڈالر سے زائد ہے جبکہ ٹوئٹر کی ویلیو صرف 22 ارب ڈالر ہے۔ دوسری جانب ٹک ٹاک کے سرمایہ کاروں نے کمپنی کی ویلیو 50 ارب ڈالر لگائی ہے۔ بائٹ ڈانس کو امید ہے کہ 2020 کے دوران ٹک ٹاک سے 28 ارب ڈالر کی آمدن ہوسکتی ہے۔ اس حساب سے دیکھا جائے تو جتنا ٹک ٹاک کا ایک سال کا منافع ہے اتنی تو ٹوئٹر کی اپنی ویلیو بھی نہیں ہے اس کے علاوہ اس کا مقابلہ مائیکرو سافٹ جیسی بڑی کمپنی کے ساتھ ہے۔ آنے والے دنوں میں دیکھنا ہوگا کہ ٹک ٹاک امریکہ کس کی جھولی میں گرتی ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے امریکی کمپنیوں کو 45 روز کے اندر ٹک ٹاک کے ساتھ لین دین بند کرنے کا حکم دیا ہے۔