چنیوٹ ( ویب ڈیسک) اس وقت پل ریائے چناب سے اڑھائی لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے ۔ دریائے چناب کے قریب متعدد نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہو چکا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کی ہدایت پر 9 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں ۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد ریاض کا کہنا تھا کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کے ساتھ ہیں ۔ سیلابی صورتحال میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ میں نے رات گئے آرمی افسران کے ہمراہ دریائے چناب کے قریبی علاقوں موضع برج بابل اور دیگر نشیبی علاقوں کا وزٹ کیا تھا ۔ ان علاقوں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی گئی تھی۔ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ دریائے چناب میں اس وقت پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ۔ پولیس اور پاک آرمی لوگوں کو سیلابی ریلے سے بچانے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں خوراک کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہیں ۔ انشاء اللہ آج رات تک پانی کی سطح نیچے آ جائے گی اور لوگ دوبارہ سے اپنے گھروں میں واپس لوٹ جائیں گے۔