جہلم (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے پنڈ دادنخان سے تعلق رکھنے والے رہنما طاہر آصف چوہدری پولیس حراست میں جاں بحق ہوگئے۔ مرحوم رہنما کے بھائی نے فواد چوہدری سمیت دیگر افراد پر ان کے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق سٹی ناظم طاہر آصف چوہدری اور دیگر افراد تھانہ جلالپور شریف کے علاقے جالپ میں ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ اسی دوران پولیس انہیں گرفتار کرکے لے گئی لیکن 2 گھنٹے بعد ان کے انتقال کی خبر سامنے آگئی۔
ان کی لاش کو بی ایچ کیو جلال پور شریف پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹر کلیم اللہ نے ان کی موت کی تصدیق کردی اور کہا کہ انہیں مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ طاہر آصف چوہدری کا انتقال ہسپتال میں ہوا۔
دوسری جانب جاں بحق رہنما کے بھائی شاہد آصف چوہدری نے ان کے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پنڈ دادنخان، ایس ایچ او جلالپور شریف ، وفاقی وزیر فواد چوہدری اور فیصل فرید ، طاہر آصف کے قتل میں ملوث ہیں۔
احتجاج کرنے پر گرفتار ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما 2 گھنٹے بعد پولیس حراست میں جاں بحق
Related Post