چناب نگر(ربوہ ٹائمز) ضلع چنیوٹ کے تھانہ چناب نگر نے مودی حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔قربانی کرنے کے جرم میں تھانہ چناب نگر میں تعینات بطور سیکیورٹی کانسٹیبل محمد حسن شہزاد نے اپنی مدعیت میں الیاس احمد بلوچ کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 298 سی کے تحت مقدمہ درج کروادیا۔ الیاس احمد کا تعلق احمدی براری سے ہے، اس کا قصور یہ تھا کہ اس نے عید کے دن بیل قربان کیا تھا کانسٹیبل کے مطابق اس نے ایسا کر کے شعائر اسلام کا مذاق اڑایا ہے۔
ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ محمد حسن شہزاد عید کے پہلے دن لاری اڈہ چناب نگر پر سیکیورٹی کی ڈیوٹی کے سلسلے میں تعینات تھا کہ اسے اطلاع موصول ہوئی کہ الیاس احمد بلوچ سکنہ دارالعلوم چناب نگر جو قصاب کا کام کرتا ہے اور احمدی ہے، تین چار نامعلوم افراد کے ہمراہ ریلوے پھاٹک مین بازار پر کھلی جگہ میں قربانی کے جانور ذبح کر رہا ہے۔
محمد حسن شہزاد وہاں پہنچا تو دیکھا کہ الیاس احمد اور دیگر افراد نے چھے سات بیل ذبح کر رکھے تھے اور کھالیں اتار رہے تھے۔ایف آئی آر کے مطابق ”مذکورہ الیاس احمد نے احمدی ہوتے ہوئے اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کر کے قربانی کر کے شعائر اسلام کا مذاق اڑایا ہے“ ۔
سیکیورٹی کانسٹیبل نے مودی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مذہبی رسومات کی آزادی دینے کا نعرہ لگانے والے ملک میں ایک احمدی پر دفعہ 298 سی کے تحت مقدمہ درج کروادیا ہے۔