اسلام آباد (ربوہ ٹائمز ویب ڈیسک)صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ دنیا کو پیچیدہ مسائل سے نکالنے کے لیے اپنی پیاری چیزوں کی قربانی ناگزیر ہے۔صدر مملکت کی جانب سے عیدالاضحیٰ پر قوم کو مبارک بادیتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات و قربانیاں قبول فرمائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن عظیم انبیاءنے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی، یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عبادت کی یہی روح ہے جو اس دنیا کو جنت کا نمونہ بنا سکتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ وطن عزیز کو درپیش مسائل سے نکلنے کے لیے سنت ابراہیمی سے ہی رہنمائی لینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ انا مسائل کی اصل جڑ ہے اور دنیا کے مسائل کا خمیر اسی مرض سے اٹھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جان و مال کی قربانی سے انسان کو اپنی انا قربان کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔