چناب نگر(ربوہ ٹائمز رپورٹ) — گیارہ اگست "اقلیتوں کے دن” کے موقع پر میثاق سنٹر چناب نگر میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، تاہم اس تقریب میں صرف مسیحی برادری کو مدعو کیا گیا جبکہ دیگر تمام اقلیتوں، خصوصاً احمدی برادری، کو مکمل طور پر نظرانداز کردیا گیا۔
تقریب کی صدارت انچارج میثاق سنٹر انسپکٹر سیف اللہ نے کی۔ انہوں نے مسیحی برادری کے مسائل سنے، تجاویز لیں اور ان کے ساتھ کیک کاٹ کر مبارکباد دی۔ انتظامیہ کے مطابق مسیحی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے اور ان کی سہولت کے لیے خدمت مرکز کی 15 پولیس سروسز میثاق سنٹر سے فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عبداللہ احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میثاق سنٹر جدید تقاضوں کے مطابق اقلیتی برادری کو سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے یہ مرکز قائم کیا گیا ہے، اور پاکستان کے تمام شہری برابر ہیں جن کی جان، مال اور عزت کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔