ذرائع کے مطابق ربوہ کے گول بازار میں واقع جماعت احمدیہ کی مرکزی عبادت گاہ "بیت المہدی” کے مین گیٹ کے سامنے نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی.

ابتدائی رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد چار تھی، جو کار میں سوار ہو کر موقع پر پہنچے اور عبادت گاہ کے باہر فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی کارروائی کے دوران پولیس کی اسپیشل فورس نے ایک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا، جبکہ تین حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے.جن کی تلاش تاحال جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق، عبادت گاہ کے باہر سیکیورٹی پر مامور احمدی نوجوانوں میں سے کچھ کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
واقعہ کے بعد ایس ایچ او تھانہ چناب نگر اور ڈی پی او چنیوٹ عبداللہ احمد موقع پر پہنچ گئے ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کسی عام شہری کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری عبادت گاہ اور اردگرد کے علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے۔

تحقیقات کا عمل جاری ہے، اور مزید تفصیلات سامنے آنے پر شیئر کی جائیں گی۔