اسلام آباد (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی کہ اکتوبرکےمہینےکوسائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مہینہ قرار دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد نے ملاقات کی جس میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تنظیم نو کے حوالے سے معاملات پر بات چیت کی گئی ۔
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے درخواست کی کہ اکتوبر کے مہینے کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مہینہ قرار دیا جائے۔
چوہدری فواد احمد نے جہلم میں قائم کیے جانے والے بائیو ٹیکنالوجی اور ہربل میڈیسن پارک منصوبے پر بھی وزیر اعظم کو بریف بھی کیا۔
یاد رہے چند روز قبل فواد چوہدری کا کہنا تھا عام طور پر خلا میں جانے کیلئے پائلٹس کا انتخاب کیا جاتا ہے، ایئرفورس کے پائلٹس کی ٹریننگ اچھی ہوتی ہے، پاکستان میں بھی ایئرفورس ہی خلاباز کا انتخاب کرےگی۔
انھوں نے کہا تھا سائنس اور ٹیکنالوجی میں وزیراعظم کی خصوصی توجہ ہے، جس کے پاس سائنس اینڈٹیکنالوجی سے متعلق آئیڈیاز ہیں ہم سے شیئر کرے، ہماراسب سے بڑا مسئلہ منصوبہ سازی نہ ہونے سے پیسوں ضیاع ہے، وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی کو پیپر لیس کردیا ہے۔
اس سے قبل فوادچوہدری نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پہلا سائنس میلہ اگست میں اسلام آبادمیں ہوگا، اگرآپ کچھ مختلف اورنیا پاکستان کودکھانا چاہتے ہیں تو تیار ہوجائیں۔