خواجہ سرائوں میں چنیوٹ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے شناختی کارڈ تقسیم

چنیوٹ( غدیر احمد بھٹی سے) خواجہ سر اء بھی ہمارے ملک ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور انہیں بھی حکومت پاکستان نے دوسرے مرد و خواتین کی طرح حقوق دیے ہیں کہ وہ بھی اس معاشرے میں عزت اور پہچان کے ساتھ زندگی گزار سکیں ،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے اپنے آفس میں خواجہ سراوٗں میں شناختی کارڈ تقسیم کرتے ہوئے کیا ،ڈپٹی کمشنر خضر افضال چوہدری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع چنیوٹ میں بھی ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ مس فرخ رضوان کی نگرانی میں خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور انکے شناختی کارڈ جاری کروانے کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ پورے ڈویژن میں ضلع چنیوٹ میں سب سے زیادہ خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ بنانے میں پہلے نمبر پر آیا ہے اب تک 11 خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ بن چکے ہیں، آج پانچ خواجہ سراوٗں کے شناختی کارڈ انکے حوالے کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے شناختی کارڈ وصول کرنے والے خواجہ سراوٗں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کسی بھی ڈیپارٹمنٹ میں کوئی کام ہو تو آپ ہم سے رابطہ کریں آپکے تمام جائز کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروایا جائے گا ، کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فوری طور پرمیڈم فرخ رضوان سے انکے نمبر پر رابطہ کریں آپکے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا ۔