کورونا وائرس کی وباءکتنا عرصہ جاری رہ سکتی ہے؟ عالمی ادارہ صحت نے پریشان کن پیشنگوئی کردی

ٓنیویارک(ویب ڈیسک) پوری دنیا بے صبری سے کورونا وائرس کی ویکسین کی منتظر ہے۔ ہر کوئی یہ سوال پوچھتا نظر آتا ہے کہ اس موذی وباءسے کب جان چھوٹے گی؟ تاہم اب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے اس سوال کا ایسا جواب دے دیا ہے کہ سن کر دنیا پریشان رہ گئی۔ میل آن لائن کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایدھنم گھیبریسس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ممکنہ طور پر مزید دو سال تک دنیا میں رہ سکتا ہے اور یہ دو سال ہمیں اسی وباءکے ساتھ گزارنے ہوں گے۔ کورونا وائرس ایسی وباءہے جو صدی میں ایک بار آتی ہے، اس سے مکمل نجات پانے میں ہمیں کم سے کم 2سال لگ سکتے ہیں۔ٹیڈروس ایدھنم کا کہنا تھا کہ ”1918ءمیں سپینش فلو کی وباءپھیلی تھی تاہم اس کے پھیلنے کی رفتار بہت کم رہی۔ اس کے برعکس کورونا وائر س کئی گنا زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ گلوبلائزیشن ہے۔ 20ویں صدیں کے اوائل میں سفر اتنا تیز اور آسان نہیں تھا۔ آج دنیا گلوبل ویلیج بن چکی ہے جس کی وجہ سے کورونا وائرس تیزی سے پھیلا۔ تاہم اس میں ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ آج ہمارے پاس ایسی ٹیکنالوجی ہے کہ ہم اس وباءپر جلدی قابو پا سکتے ہیں۔ ایک صدی قبل ایسی ٹیکنالوجی موجود نہیں تھی۔مجھے امید ہے کہ ہم دو سال کے عرصے میں اس وباءپر قابو پا لیں گے۔“