اسکولز کھلنے پر وزیرتعلیم کی والدین کے لیے اہم ہدایات

کراچی(ویب ڈیسک) وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے صوبے میں تمام اسکولز کھلنے پر والدین کو خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بچوں کو خود اسکول چھوڑنے اور لینے جائیں تو بہتر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم سندھ نے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کے دورے کیے، اس موقع پر انہوں نے اسکول میں مکمل ایس اوپیز اور دیگر تمام صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا، اور دیگر امور کا جائزہ بھی لیا۔
سعید غنی نے والدین کو اہم ہدایات دیں کہ والدین بچوں کو خود اسکول چھوڑنے اور لینے جائیں۔ والدین، اساتذہ اور ہم مل کر سب کچھ بہتر کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ سندھ میں آج سے تمام اسکولز کھل چکے ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے 22 ستمبر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے دوسرے مرحلے میں اسکولز کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسزکا آغاز 23 ستمبر سے ہوگا۔
واضح رہے حکومت سندھ نے 21 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں کی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ مؤخر کردیا تھا ، بعد ازاں سندھ حکومت نے 28ستمبر سے دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا، وزیرتعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ کے اسکولز 28 ستمبر کو کلاس 6 سے 8 کھولنے کے پابند ہوں گے۔