چناب نگر میں واقع گورنمنٹ تعلیم السلام کالج اور سکول کے سامنے موجود کھیل کا میدان، آج کل کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بننے کے بجائے ایک وسیع کوڑے دان کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کی جانب سے شہر بھر کا کوڑا، کچرا اور دیگر فضلہ اس گراؤنڈ میں پھینکا جا رہا ہے، جس کے باعث نہ صرف طلبہ کے لیے کھیلنے کا ماحول ختم ہو گیا ہے بلکہ خطرناک بیکٹیریا اور بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
لوکل میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنمنٹ تعلیم السلام کالج چناب نگر کے پرنسپل سرفراز وینس کا کہنا تھا کہ:
"ہم نے بارہا ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کو روکا، مگر وہ اب بھی کوڑا گراؤنڈ میں پھینک رہے ہیں۔ جب ہم نے انتظامیہ سے رابطہ کیا تو کسی نے بھی نوٹس لینا مناسب نہ سمجھا۔ نہ ہمارے پاس اختیار ہے، نہ کوئی سننے والا۔”
پرنسپل کے مطابق، یہ صورتحال نہ صرف طلبہ کی جسمانی نشوونما میں رکاوٹ بن رہی ہے، بلکہ صحت کے سنگین مسائل بھی پیدا کر رہی ہے۔
"صاف ستھرا پنجاب” کا نعرہ شاید صرف مخصوص بازاروں تک محدود ہو گیا ہے، جبکہ نوجوان نسل کی صحت اور ان کی تفریحی جگہوں کی صفائی حکام کی ترجیحات میں شامل نظر نہیں آتی۔
سماجی حلقوں اور عوامی نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور گراؤنڈ کو صاف کروا کر اصل حالت میں بحال کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ طلبہ دوبارہ صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔