ربوہ (اسٹاف رپورٹر) — پاکستان بھر کی طرح چناب نگر میں بھی 77واں یومِ آزادی پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ شہر کے سرکاری و نجی اداروں، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں پرچم کشائی، ملی نغمے، ٹیبلو، تقاریر اور آزادی کے موضوع پر مباحثے شامل تھے۔
صبح سویرے سرکاری دفاتر اور اسکولوں میں پرچم کشائی کی پروقار تقریبات ہوئیں جن میں طلبہ، اساتذہ، سرکاری افسران، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بچے اور نوجوان سبز ہلالی پرچم تھامے قومی لباس میں ملبوس نظر آئے جبکہ ملی نغموں اور ٹیبلو کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا گیا۔
شہر کی مرکزی شاہراہوں، چوراہوں اور عمارتوں کو سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا۔ رات کو آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس سے فضا میں خوشی اور مسرت کے رنگ بکھر گئے۔
اس موقع پر مقررین نے پاکستان کی آزادی کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
فضا "پاکستان زندہ باد” اور "قائداعظم زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی جبکہ شہریوں نے ایک دوسرے کو آزادی کی مبارکباد پیش کی۔