چناب نگر (ربوہ ٹائمز) پنجاب بار کونسل نے ایڈووکیٹ عمران گھمن کا معطل شدہ لائسنس بحال کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لائسنس کی بحالی اس وقت تک عارضی ہوگی جب تک کہ معاملے کی مکمل اور شفاف انکوائری مکمل نہیں ہو جاتی۔
پنجاب بار ذرائع کے مطابق عمران گھمن کا لائسنس الزام کی انکوائری مکمل ہونے سے پہلے معطل کر دیا گیا تھا، تاہم قانونی تقاضوں کے پیشِ نظر اب اسے بحال کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ عمران گھمن کے خلاف دائر کی گئی درخواست من گھڑت اور بے بنیاد تھی۔ مزید کہا گیا کہ درخواست گزار کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے ہے جو اس نوعیت کی درخواستیں دینے میں ماضی میں بھی مشہور رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق درخواست گزار خاتون کے شوہر خالد کے ساتھ ایڈووکیٹ عمران گھمن کا لین دین سے متعلق تنازعہ چل رہا ہے۔ اسی تناظر میں ایڈووکیٹ عمران گھمن کی مدعیت میں تھانہ چناب نگر میں خالد کے خلاف فراڈ اور امانت میں خیانت کا مقدمہ بھی درج ہے۔
پنجاب بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ حتمی فیصلہ انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی کیا جائے گا، تاہم فی الحال وکیل کا پیشہ ورانہ لائسنس بحال کر دیا گیا ہے۔