پاکستان میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی، بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکہ کی گاڑی روکنے پر ڈی پی او معطل

پاکپتن ( ربوہ ٹائمز آن لائن ) گریڈ 18کے افسر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) پاکپتن کو فوری طورپر چارج چھوڑنے کی ہدایت کردی گئی اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا۔

اس ضمن میں خاتون صحافی گل بخاری نے ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئیٹ میں بتایاکہ ” ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کو معطل کردیاگیا، خاور مانیکا کی گاڑیوںکو پولیس نے روکا تھا اور اس” گستاخی “پر ڈی پی او نے ڈیرے پر جاکر معافی مانگنے سے انکار کردیا جس پر نئے پاکستان کی حکومت پنجاب نے ڈی پی او رضوان گوندل کو معطل کردیاگیا“۔ایک اور صحافی نے لکھا کہ ’’ ڈی پی او کو آئی جی سمیت سی ایم ہاؤس طلب کیاگیا اور خاور مانیکا کے ڈیرے پر جاکر معافی مانگنے کی ہدایت کی گئی لیکن معافی مانگنے پر چارج واپس کرنے کا حکم دیدیا گیا‘‘۔

پولیس ذرائع کے مطابق خاور مانیکا کی گاڑی کو 23 اگست کو روکا گیا لیکن وہ نہ رکے، جب زبردستی خاور مانیکاکی کارکو روکاگیاتوانہوں نے غلیظ زبان استعمال کی جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او اور ڈی پی او کو جمعہ کو طلب کیا تھا اور معاملہ رفع دفع کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن ڈی پی او نے ڈیرے پر جا کر معافی مانگنے سے انکار کردیا اور موقف اپنایا کہ پولیس کا کوئی قصور نہیں، معافی نہیں مانگ سکتا اور اپنے موقف سے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی آگاہ کردیا جس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا کر اوایس ڈی بنا دیا گیا۔

دوسری طرف سوشل میڈیا پر رضوان عمرگوندکے تبادلے کا بھی ایک نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر گردش کررہاہے ۔ آج جاری ہونیوالے اس نوٹیفکیشن کے مطابق رضوان عمر گوندل کا فوری طورپر تبادلہ کردیاگیا اور سنٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ۔

یادرہے کہ خاور فرید مانیکا پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر ہیں جنہوں نے کچھ ہفتے قبل ہی اپنی بیٹی کی دوست سے دوسری شادی کی ہے ۔