ربوہ میں بیرونی افراد کی آمد سے سیکیورٹی خدشات اور ٹریفک مسائل میں اضافہ

ربوہ (نامہ نگار) — ربوہ میں روزگار کی تلاش میں دوسرے شہروں سے آنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ سیکیورٹی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ان افراد کے پسِ منظر (بیک گراونڈ) کے بارے میں کسی کو کوئی معلومات نہیں، جو ممکنہ طور پر شہر کے امن و امان کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

دوسری جانب، بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے بھی شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ روزانہ نئے چہروں والے مانگنے والے مختلف بازاروں اور چوکوں میں دکھائی دیتے ہیں، مگر قانونی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

مزید برآں، ہسپتالوں کے باہر غیر قانونی پارکنگ ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ ٹریفک پولیس صرف نمائشی کارروائی کرتے ہوئے کسی ایک گاڑی کو ہٹا دیتی ہے اور سمجھتی ہے کہ فرض ادا ہو گیا، جب کہ غیر قانونی پارکنگ بدستور برقرار رہتی ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس فوری طور پر مؤثر اقدامات کریں تاکہ ٹریفک نظام، سیکیورٹی اور شہری سہولتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔