نیویارک (ربوہ ٹائمز) اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز مہم پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مہم کی مذمت کی اور کہا مذہب اسلام اورمقدس شخصیات کا احترام کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق:
نیویارک میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ:
دین اسلام اورمقدس شخصیات،علامات کا احترام ملحوظ خاطر رکھا جائے.
او آئی سی کا کہنا تھا کہ:
نفرت انگیزمہم میں مسلمانوں کونشانہ بنائے جانے کی شدیدمذمت کرتے ہیں جبکہ گستاخانہ مقابلوں سے اشتعال کی کوششیں انتہائی قابل مذمت ہیں.
اجلاس میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ:
مسلمانوں کےجذبات کوٹھیس پہنچانے کی سرگرمیوں پر سخت تشویش ہے، مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے واقعات میں خطرناک اضافہ ہوا.
ان کا کہنا تھا کہ:
اخلاقی، قانونی ذمہ داری کے ساتھ آزادی اظہار کا استعمال کیا جانا چاہیئے.
اجلاس میں قرارداد ترکی اور پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی جبکہ مشترکہ اعلامیے کی تجویز پاکستان اور ترکی کی جانب سے دی گئی تھی۔
یاد رہے اگست میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نیدر لینڈز کی حکومت سے گستاخانہ حرکت فوری روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
او آئی سی کا کہنا تھا کہ:
اس حرکت سے دنیا بھر کے ایک ارب 60 کروڑ مسلمانوں کے مذہبی جذبات متاثر ہوئے ہیں.
پاکستان کے وزیر خارجہ نے تنبیہہ کی ہے کہ:
نیدر لینڈز کے ایک فرد کے عمل سے یورپ کا امن متاثر ہو سکتا ہے.
بعد ازاں نیدرلینڈز میں ہونے والا گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کردیا گیا تھا۔