ڈی پی او چنیوٹ کی کرائم میٹنگ، عورتوں،بچوں،خواجہ سراؤں اور اقلیتو ں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے

چنیوٹ (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) ڈی پی او چنیوٹ عبادت نثار نے اپنے دفتر میں پولیس افسران سے امن و امان کی صورتحال اور کرائم کے حوالے سے میٹنگ کی۔

میٹنگ میں ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز،انچارج ٹریفک پولیس، انچارج برانچز نے شرکت کی۔میٹنگ میں امن و امان ،کرائم کی صورتحال کو زیربحث لایا گیا۔ڈی پی او نے محرم الحرام میں اچھی ڈیوٹی سرانجام دینے پر تمام افسران کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔

ڈی پی او نے پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:

لوگوں کی جان و مال اور عزت کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔امن و امان قائم رکھنے اور کرائم پر قابو پانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجائے اور بہتر حکمت عملی سے گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔عورتوں،بچوں،خواجہ سراؤں اور اقلیتو ں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔زیرتفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے۔تمام ذرائع بروئے کار لا کر اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے.