چناب نگر میں تجاوزات مافیہ کیخلاف اپریشن کو مذہبی رنگ دینے کی بھر پور کوشش جاری، انٹیلیجنس ادارے تحقیقات کریں

چناب نگر ( سپیشل رپورٹ )چناب نگر میں تجاوزات مافیہ کیخلاف اپریشن کو مذہبی رنگ دینے کی بھر پور کوشش جاری. انٹیلیجنس ادارے تحقیقات کریں.

تفصیلات کے مطابق:

حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق پنجاب بھر کی طرح ضلع چنیوٹ کی سب تحصیل چناب نگر میں ناجائز تجاوزات کے پنجے اکھاڑنے کا عمل جاری ہے لیکن کچھ مفاد پرست عناصر نے مل کر جن کی پشت پناہی مذہبی لوگ کر رہے ہیں انہوں نے میونسپل کمیٹی کے سامنے احتجاج کیا اور مذہبی کشیدگی کو فروغ دینے والے الفاظ استعمال کرتے ہوئے بینرز پر تحریر کیا کہ:

قادیانیوں کو تجاوزات آپریشن کی آڑ میں غریب اور بے بس مسلمانوں کا معاشی قتل عام کرنے کی کھلی چھٹی نہ دی جائے

یاد رہے کہ یہ آپریشن پنجاب حکومت کے احکامات کی تکمیل میں ہورہے ہیں.جماعت احمدیہ جن کو یہ قادیانی کہ رہے ہیں ان کی طرف سے یہ اپریشن نہیں ہورہے.

سوچنے کی بات یہ ہے کہ جب یہ اپریشن حکومت کروا رہی ہے تو پھر انہوں نے ایسی من گھڑت عبارات تحریر کیوں کیں؟احمدیوں نے انکا معاشی قتل کیسے کردیا؟جبکہ یہ اپریشن حکومت کی طرف سے کیا جا رہا ہے.یہ سراسر مذہبی طور پر شہریوں کو ہراساں کرنے ،اکسانے اور انتظامیہ کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے.

ان عبارات کے نیچے انہوں نے یہ بھی درج کیا کہ:

منجانب متاثرین ،مسلمان ریڑھی فروش و خوانچہ فروش چناب نگر

یہاں قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ ناجائز تجاوزات کے متاثرین میں کچھ کے علاوہ بڑی تعداد کا چناب نگر کیساتھ کوئی تعلق ہی نہیں ہے یہ دوسرے شہروں سے یہاں آکر بدمعاشی اور مذہبی ہراساں کرکے ناجائز طور پر قابض ہیں.ان کی پشت پناہی کون کر رہا ہے؟لازمی بات ہے کہ ایسے عوامل کو علاقائی حکمرانوں اور کرپٹ مافیہ کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے.

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ:

ناجائز تجاوزات حکومتی جگہوں پر بیٹھی ہوئی ہے اس ناجائز تجاوزات کو ہٹانا حکومت کا کام ہے جس کے بعد فائدہ بھی حکومت کو ہونا ہے پنجاب بھر میں کئی ہزار اور لاکھوں ایکڑ زمینیں ناجائز تجاوزات سے واگزار کروائی جا چکی ہیں .اسی طرح چناب نگر میں بھی اپریشن ہوا جس میں زیادہ تر نقصان بھی احمدی دوکانداروں کا ہوا ہے انہوں نے باقائدہ میونسپل کمیٹی سے پوچھ کر صرف شٹرنگ کی ہوئی تھی .جس کو انتظامیہ نے خوب توڑ مروڑ کر پھینکا یہ شٹرنگ بھی لاکھوں روپوں کی تھی .اس کے علاوہ بہت ہی کم لوگ تھے جنہوں نے کوئی تجاوزات بنائی ہوئی تھی انہوں نے بھی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے فوری طور پر ناجائز تجاوزات کو ختم کردیا.لیکن کسی نے اف تک نہیں کی.تمام افراد نے حکومتی احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا نقصان برداشت کیا اور ناجائز تجاوزات کو فوری طور پر ہٹا دیا گیا.لیکن آج اس طرح کااحتجاج کرنے والے عناصر صرف اور صرف اپنی ذاتی عنا کی بنا پر اور مذہبی طور پر حکومتی اداروں کو بلیک میل کر نے اور تجاوزات پر قابض رہنے کیلئے یہ سب کچھ کر رہے ہیں.

مزید کہا کہ:

حکومت پنجاب ایسے عناصرت کیخلاف سخت کاروائی کرے جو امن کو خراب کرنے اور اپنی ناجائز تجاوزات والی دوکان چمکانے کی خاطر مذہبی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں .انٹیلیجنس ادارے ایسے عناصر کے خلاف تحقیقات کرکے کاروئی کریں تا کہ امن قائم رہے.اور کرپٹ معافیہ کا خاتمہ ہوسکے.