پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی

لاہور (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی، فضائی حدود جمعے کی دوپہر ایک بجے تک بند رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے حوالے سے نیا نوٹم جاری کر دیا، اب فضائی حدود کل دوپہر ایک بجے تک بند رہے گی۔ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر آپریشن یکم مارچ دوپہر ایک بجے تک بند رہے گا۔

ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، تمام ایئر لائنز نے بھی پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے اور فلائٹ آپریشن کے متعلق مسافروں کو آگاہ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سِول ایوی ایشن اتھارٹی نے آج رات بارہ بجے تک پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کا نوٹم جاری کیا تھا لیکن اس میں اب مزید توسیع کی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور، پشاور، اور ملتان ایئر پورٹس سے غیر ملکی ایئر لائنز کے خالی طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔غیر ملکی ایئر لائنز نے درخواست کی تھی کہ ان کے خالی طیارے پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس پر کھڑے ہیں انھیں واپس جانے دیا جائے، اس سلسلے میں دو جہاز لاہور ایئر پورٹ، اور ملتان سے ایک خالی جہاز کو جانے کی اجازت دی گئی۔

لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے اڑان بھرنے والے دو جہاز سعودی ایئر لائن کے تھے، سعودی ائیر لائن کے دونوں جہاز جدہ کے لیے روانہ ہوئے۔