بھارت نے کرتار پورراہداری پراجلاس کی کوریج کیلئے جانے والے پاکستانی صحافیوں کو ویزہ دینے سے انکار کردیا،پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد ( ربوہ ٹائمز ) بھارت نے کرتار پورراہداری پراجلاس کی کوریج کیلئے جانے والے پاکستانی صحافیوں کو ویزہ دینے سے انکار کردیا ، ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت اس اقدام کو افسوسناک قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرتار پورراہداری پر اجلاس میں شرکت کے لئے بھارت نے پاکستانی صحافیوں کے ویزے دینے کی درخواست مسترد کردی۔

دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا بھارت نے کرتارپور راہداری کے اہم اجلاس پر پاکستانی صحافیوں کےویزے مستردکردیے، ویزے مسترد ہوناافسوسناک ہے، امیدہےکل کا اجلاس دونوں ممالک کے عوام کے لیے بہتر ی لائے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ک پاکستان نے کرتار پور رہداری کی سنگ بنیادکےموقع پرتیس بھارتی صحافیوں کوویزے جاری کیے اور ان صحافیوں کی وزیرا عظم ووزیر خارجہ سےملاقات بھی کرائی گئی جبکہ وزیر خارجہ کی طرف سےبھارتی صحافیوں کوعشائیہ دیاگیا۔

یاد رہے کرتار پور راہداری پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات 14 مارچ کو اٹاری کے مقام پر ہوں گے، پاکستان وفد کی قیادت دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاک بھارت مذاکرات میں کرتارپور راہداری کھولنے پربات چیت ہوگی، بھارت کے سرحدی علاقے اٹاری میں ہونے والے مذاکرات صبح نوسے شام پانچ بجے تک جاری رہیں گے۔ بعد ازاں پاکستانی وفد واہگہ بارڈر پر مذاکراتی پیشرفت سےآگاہ کرےگا۔

قبل ازیں دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے 6 مارچ کو اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کرتار پور راہداری پر وفود کے تبادلے پر اتفاق ہوا، جس کے تحت مذاکرات کا پہلا سیشن 14 مارچ کو ہوگا۔