چنیوٹ (ربوہ ٹائمز)تھانہ کانڈیوال پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی ڈکیت گینگز کے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی چناب نگر مظہر احمد گوندل نے تھانہ کانڈیوال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو ملزمان کے بارے میں بتایا کہ:
ایس ایچ او کانڈیوال اسد عباس ایس آئی نے اپنی ٹیم ارشاد حسین اے ایس آئی،احمد یار اے ایس آئی کے ہمراہ کاروائیاں کیں۔ملزمان عاطف ولد ریاض اور حسنین ولد حیات سکنائے سرگودھا نے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد سے لالیاں لے جانے کیلئے کار کرایہ پر لی اور موضع بھبھڑانہ میں اسلحہ کے زور پر ڈرائیور کو باندھ کر کار لیکر فرار ہوگئے۔کار برآمدگی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے شب و روز تکنیکی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کرلیا گیا۔ملزمان میانوالی،بنوں،لکی مروت،میران شاہ کے علاقہ میں کار کو فروخت کرنے کیلئے پھرتے رہے۔ملزمان کے قبضہ سے مسروقہ کار ٹویوٹا کرولا مالیتی 11لاکھ روپے اور ایک عدد پسٹل 30بور برآمد کرلیاگی ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ:
۔ملزمان سرگودھا پولیس کو بھی مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں۔ملزمان نے موضع واصوآنہ سے موٹرسائیکل چھینی جو کہ برآمد کرلی گئی۔ملزمان ناصر عرف بوٹی اور نواز عرف مشری نے مورخہ 3جون کی شب دیگر ہمراہی ملزمان کیساتھ ملکر اسلحہ کے زور پر ایک فیملی سے طلائی زیورات و نقدی چھین لی تھی۔ملزمان سے مال مسروقہ برآمد کرلیا گیا ہے۔مزید تفتیش کا عمل جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں.
ڈی پی او چنیوٹ محمد انور نے ایس ایچ او کانڈیوال اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا۔